سداپور 25؍جولائی (ایس او نیوز) ایک ٹھیکیدار سے رشوت وصول کرتے وقت ہلگیری گرام پنچایت کا سکریٹری اینٹی کرپشن بیورو کے جال میں پھنس گیا۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق اے سی بی پولیس انسپکٹر رمیش او رملا کی قیادت میں دس رکنی ٹیم نے گرام پنچایت سکریٹری شیلیش کمار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق منسی گرام کے ایک ٹھیکیداربھگوان نائک کو ہلگیری گرام پنچایت کے علاقے میں ایک کام کاچھوٹا ساٹھیکہ ملا تھاجس کا بل 23,984 روپے تھا۔کام کی تکمیل کے بعد چیک دینے کے لئے شیلیش کمار نے بھگوان نائک سے پانچ ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔اینٹی کرپشن بیورو کو اس بات کا علم ہونے پر انہوں نے رشوت وصول کرتے وقت دھاوا بول کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔ اے سی بی پولیس کے ڈی وائی ایس پی گریش نے بتایا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔